بنی گالا کے رہائشی اخراجات کے حوالے سے جہانگیر ترین نے دبنگ اعلان کر دیا

بنی گالا کے رہائشی اخراجات کے حوالے سے جہانگیر ترین نے دبنگ اعلان کر دیا
کیپشن: میں نے کبھی بنی گالا کے رہائشی اخراجات کیلئے ایک روپیہ بھی نہیں دیا، جہانگیر ترین
سورس: فائل فوٹو

لاہور: جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے گھر کے اخراجات جہانگیر ترین کی جانب سے برداشت کیے جانے سے متعلق بیان پر جہانگیر ترین کا ردعمل بھی سامنے آ گیا ہے۔

جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ جہانگیر ترین عمران خان کے گھر کے اخراجات پورے کرنے کے لیے 30 لاکھ روپے ماہانہ دیا کرتے تھے اور بعد میں یہ رقم 50 لاکھ روپے ماہانہ تک پہنچ گئی تھی۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اس بیان پر جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین کو مسخرہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے گھر والے بھی انہیں نہیں پہنچانتے، ایسے لوگ اپنی اہمیت بنانے کیلئے مسخروں والی باتیں کرتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے بھی جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین کے بیان کو جھوٹا اور غیر منطقی قرار دیا تھا۔

اب اس حوالے سے جہانگیر ترین کا بیان بھی سامنے آ گیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ میرے جیسے مرضی تعلقات ہوں لیکن ہمیشہ سچ بولنا چاہیے۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں جہانگیر ترین کا کہنا تھا میں نے نیا پاکستان بنانے کیلئے جس حد تک ہو سکتا تھا تحریک انصاف کی مدد کی۔

جہانگیر ترین کا کہنا تھا میں نے کبھی بنی گالا کے رہائشی اخراجات کے لیے ایک روپیہ بھی نہیں دیا۔