اسلام آباد: ایم تھری اور ایم فور موٹر وے پر تیز ترین انٹرنیٹ کی فراہمی کے منصوبے کا آغاز ہو گیا۔
اسلام آباد میں وزارت مواصلات اور نجی کمپنی میں معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے منصوبوں میں شفافیت آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے آئی ٹی سیکٹر کو فروغ دینا ضروری ہے،آئی ٹی سیکٹر برآمدات میں اضافہ اور معیشت میں بہتری لائے گا، برآمدات کو بڑھانے میں آئی ٹی کا بڑا کردار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کہہ چکے ہیں آئی ٹی سے سے پاکستان ترقی کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ چترال میں منصوبہ شروع کر دیا گیا، 7ماہ میں مکمل ہو جائے گا جبکہ سابقہ فاٹا میں 900میٹر پر فائبر پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم نے بلوچستان کےلیے 550ارب روپے کا پیکج دیا ہے۔
سندھ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ سندھ میں تعلیم اور صحت کا شعبہ تباہ حال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں انسان اور جانور ایک ہی تالاب سے پانی پیتے ہیں،سندھ کے علاقوں کی تکلیف دل سے محسوس کی ہے۔
تقریب میں شریک وفاقی وزیر امین الحق نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا وژن ڈیجیٹل پاکستان کا ہے اوروزارت آئی ٹی وزیراعظم کےوژن کےمطابق کام کر رہی ہے،انہوں نے کہا کہ وزارت آئی ٹی دیہی علاقوں ،چھوٹے شہروں کو ڈیجیٹل دنیا سے ملا رہی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ایم تھری پر انٹرنیٹ فراہمی کے منصوبے پر 14 کروڑ لاگت آئے گی، منصوبے کو ایک سال میں مکمل کرلیں گے۔ ایم فائیو پر بھی انٹرنیٹ کی سہولت فراہم ہو گی۔