لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کیساتھ بطور بیٹنگ کنسلٹنٹ ذمہ داریاں نبھانے والے میتھیو ہیڈن کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کے دوران فیلڈنگ کے شعبے میں غلطیاں ہوئی لیکن کھلاڑیوں کی کرکٹ پر توجہ نے بہت متاثر کیا۔
میتھیو ہیڈن نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2021ءکے حوالے سے اپنی رپورٹ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ کو بھجوا دی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ کھلاڑی دباؤ میں آ کر فیلڈنگ کے شعبے میں غلطیاں کرتے ہیں لیکن کرکٹ پر ان کی توجہ نے بہت متاثر کیا اور تمام کھلاڑیوں نے مختصر فارمیٹ کے میگا ایونٹ میں غیر معمولی کارکردگی دکھائی۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے میتھیو ہیڈن اور باؤلنگ کنسلٹنٹ ویرنون فلینڈر سے ٹی 20 ورلڈکپ میں ٹیم کی کارکردگی سے متعلق رپورٹ طلب کی تھی جو میتھیو ہیڈن نے اب بھجوائی ہے اور اس میں مزید کہا ہے کہ تمام کھلاڑی ایک یونٹ بن کر کھیلے اور یہ ٹورنامنٹ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ کھلاڑیوں کو جتنا اعتماد ملتا ہے وہ اتنی ہی اچھی کارکردگی دکھاتے ہیں۔
انہوں نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ پاکستان ٹیم میں ایک یا دو نہیں بلکہ تمام کھلاڑی میچ ونرز ہیں۔ پاکستانی کرکٹرز کبھی کبھار دباؤ میں آ کر فیلڈنگ میں غلطیاں کرتے ہیں جس کا مظاہرہ آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے سیمی فائنل میں بھی دیکھنے میں آیا اور اس شعبے میں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے، لیکن کھلاڑیوں نے کرکٹ پر اپنی توجہ سے بہت متاثر کیا۔