دنیا کی سب سے زیادہ قابلِ تعریف شخصیات میں وزیراعظم عمران خان، ملالہ شامل

01:41 PM, 15 Dec, 2021

لندن:  وزیر اعظم عمران خان اور کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کو 2021 میں سب سے زیادہ قابل تعریف شخصیات کی  فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

برطانوی مارکیٹ ریسرچ کمپنی  یوگوو کی جاری فہرست  کے مطابق 2021 میں سابق امریکی صدر براک اوباما نے رواں سال بھی دنیا کے سب سے زیادہ قابل تعریف شخص کی حیثیت سے  اپنا مقام برقرار رکھا ہے، انہوں نے گزشتہ سال طویل عرصے سے برسراقتدار بل گیٹس سے پوزیشن چھین لی تھی۔سروے کے مطابق، مشعل اوباما اسی طرح تیسرے سال دنیا کی سب سے زیادہ قابل تعریف خاتون کے طور پر اپنی پوزیشن پر برقرار ہیں۔

رواں برس مردوں اور خواتین کی فہرست میں پہلی تین ٹاپ پوزیشنز پر کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ براک اوبامہ کے بعد بزنس ٹائیکون  بل گیٹس مردوں میں دوسرے نمبر پر ہیں، اس کے بعد چینی وزیر اعظم ژی جن پنگ ہیں۔ اسی طرح خواتین کی فہرست میں ہالی ووڈ اسٹار انجلینا جولی دنیا کی دوسری سب سے زیادہ  پسند کی جانے والی خاتون ہیں، تیسرے نمبر پر  ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم ہیں۔

رواں برس  فہرست مرتب کرنے کے لیے 38 ممالک  میں 42,000 سے زیادہ افراد سے سروے کیا گیا۔ پاکستان کی ملالہ یوسفزئی اور بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کی  اس سال  درجہ بندی میں واضح اضافہ ہوا ، جس کے بعد بالترتیب 9ویں اور 10ویں نمبر پر ہیں۔ 

دوسری جانب مردوں میں ارجنٹائن کے فٹبالر لیونل میسی کی درجہ بندی میں سب سے زیادہ بہتری دیکھی گئی ہے، وہ چار درجے بہتری کیساتھ 11 ویں سے 7 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں، تاہم پرتگال سے تعلق رکھنے والے نامور فٹبالر  کرسٹیانو رونالڈو فہرست میں  چوتھے نمبر پر براجمان ہیں۔

اس سال ٹاپ ٹوئنٹیز میں نئے اضافے میں امریکی صدر جو بائیڈن اور ان کی نائب صدر کمالا ہیرس، بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر، تھائی ریپر لیزا (بلیک پنک فیم) اور نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن شامل ہیں۔

اس سال کی درجہ بندی میں سرمایہ کار وارن بفیٹ، پاکستانی وزیر اعظم عمران خان، بھارتی اداکارہ ایشوریہ رائے بچن، اور چینی اداکارہ لیو یفی اور یانگ می کی ٹاپ ٹوئنٹی میں دوبارہ انٹری بھی نظر آئی ہے۔

خیال رہے کہ ملالہ اور وزیر اعظم عمران کو 2018 اور 2019 کے لیے بھی اس فہرست میں شامل کیا گیا  تھا۔

مزیدخبریں