سابق آسٹریلوی کرکٹر مائیکل سلیٹر ایک بار پھر گرفتار

سابق آسٹریلوی کرکٹر مائیکل سلیٹر ایک بار پھر گرفتار

سڈنی : آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ کرکٹر مائیکل سلیٹر کو ایک بار پھر گرفتار کر لیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دو ماہ قبل گھریلو تشدد کے الزام میں گرفتار ہونے والے سابق آسٹریلوی کرکٹر کو  ضمانت کے بعد احکامات کی خلاف ورزی کے الزام میں دوبارہ گرفتار کیا گیا ہے، مذکورہ احکامات کے تحت سابق مائیکل سلیٹر کو شراب نوشی، منشیات کا استعمال، موبائل فون سمیت الیکٹرانک آلات رکھنے یا استعمال کرنے سے روک دیا گیا تھا۔
سابق آسٹریلوی کرکٹر پر الزام ہے کہ انہوں نے  ڈھائی گھنٹے کے دوران  اپنی سابقہ  پارٹنر کو 66 ٹیکسٹ میسجز  اور 18 کالز کرتے ہوئے ہراساں کیا۔ 

نیو ساؤتھ ویلز  پولیس  کے مطابق مائیکل سلیٹر کو بدھ کی صبح دوسری بار گرفتار کیا گیا جب  سابق کرکٹر نے مبینہ طور پر احکامات کی خلاف ورزی کی۔تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

خیال رہے کہ مائیکل سلیٹر چوہتر ٹیسٹ میچز اور بیالیس ون ڈے میچوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ مائیکل سلیٹر نے ون ڈے میں 24.07 کی اوسط سے 987 رنز جبکہ ٹیسٹ میں 42.83 کی اوسط سے 5312 رنز سکور کیے ہیں۔ ان کا شمار آسٹریلیا کے ممتاز آل رائونڈرز میں ہوتا ہے۔

یاد رہے کہ مائیکل سلیٹر اس سے قبل بھی اس وقت میڈیا میں شہ سرخیوں کی زینت بنے تھے جب انہوں نے آسٹریلوی وزیراعظم سکاٹ موریسن کو کورونا وائرس کیخلاف اٹھائے گئے ناکافی اقدامات پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔