اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ 96لاکھ خاندان اور10ہزار سے زیادہ کریانہ اسٹور راشن رعایت پروگرام میں رجسٹر ہو چکےہیں۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کریانہ اسٹور راشن رعایت پروگرام میں رجسٹر ڈافرادکی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے،انہوں نے کہا کہ پروگرام سے 2 کروڑ خاندان آٹا،دال اورگھی پر30فیصدرعایت حاصل کرینگے، جبکہ 7لاکھ کریانہ اسٹور120 ارب روپے کی سبسڈی خاندانوں کو دینےکا ذریعہ بنیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا تھا کہ صرف چائے مہنگی ہے باقی ہر چیز میں پاکستان سستا ترین ملک ہے۔ پیٹرول کی قیمتوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل اتنا سستا نہیں ہوا کہ اثرات پاکستان پر آئیں جبکہ عوام دعا کریں کہ عالمی مارکیٹ میں تیل سستا ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں ہرسال گیس 9 فیصد کم ہو رہی ہے اور چند سال میں گیس نہیں رہے گی جبکہ سستی گیس کے عادی شہری لوگوں کو عادتیں بدلنا ہوں گی۔