اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیاں جنوری 2022ءمیں دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ تمام صوبوں نے بھی اس فیصلے کی تائید کر دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ صوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں وضع کردہ تجاویز کی روشنی میں کیا گیا ہے۔ این سی او سی ذرائع کا کہنا ہے کہ چھٹیوں کے آغاز تک سکولوں میں ویکسی نیشن کا سلسلہ جاری رہے گا تاہم شدید برف باری والے علاقوں میں سکول بند رہیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بین الصوبائی وزراءتعلیم کے اجلاس میں 25 دسمبر سے 5 جنوری تک تعلیمی اداروں میں چھٹیاں دینے کی تجویز پر اتفاق ہوا تھا۔ سندھ کے علاوہ باقی صوبے 25 دسمبرسے 5 جنوری تک چھٹیوں پر رضا مند ہیں تاہم سندھ موسم سرما کی چھٹیوں کا معاملہ صوبائی سٹیرنگ کمیٹی میں پیش کرے گا۔
دو رو زقبل وزارت صحت حکام کا کہنا تھا کہ ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں ویکسی نیشن جاری ہے جو متاثر ہو سکتی ہے اور موسم سرما کی چھٹیاں دینے سے یہ سلسلہ متاثر ہو سکتا ہے جس کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا کہ چھٹیوں تک ویکسی نیشن کا سلسلہ جاری رہے گا تاہم شدید برف باری والے علاقوں میں تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔