شدید دھند کے باعث موٹر ویز بند، ریلوے اور فضائی سفر متاثر

07:49 AM, 15 Dec, 2021

نیوویب ڈیسک

لاہور : پنجاب کے بیشترعلاقوں میں شدید دھند کے بادل چھا گئے  جس کے باعث موٹر ویز بند  جبکہ ریلوے اور فضائی آپریشن بھی شدید متاثر  ہو گئے۔شدید دھند کے باعث لاہور سیالکوٹ موٹر وے کو بند کردیا گیا ،موٹر وے ایم ٹو لاہور سے پنڈی بھٹیاں اور ایم تھری لاہور سے سمندری تک ٹریفک  کے لیے بند، ایم فور فیصل آباد  سے پنڈی بھٹیاں  تک ٹریفک کیلئے بند، ایم 11 لاہور سے سیالکوٹ بھی ٹریفک  ہے  ۔

لاہور، گوجرانوالہ، قصور کاہنہ ، ننکانہ صاحب ، شرقپور ،شاہکوٹ،  ظاہر پیر اور گردونواح  سمیت پنجاب کے متعدد میدانی علاقوں میں  دھند کا راج ہے، حد نگاہ انتہائی کم رہ گئی۔جی ٹی روڈ پر بھی دھند کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔

ترجمان موٹر وے پولیس نے شہریوں کو دھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کردی ، تاہم انتہائی ضروری سفر کے پیش نظر گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیںْ۔ سی ٹی او لاہورمنتظر مہدی نے دھند کے پیش نظر شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر وارڈنز کی نفری میں اضافہ  کردیا۔
دوسری جانب لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر شدید دھند کے باعث فلائٹس آپریشن بھی متاثر ہے جس کے باعث 7 پروازیں تاخیر  اور 3 کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔

اسی طرح  دھند کے باعث ریلوے کا شیڈول بھی متاثر ہے اور مختلف ٹرینیں تاخیر کا شکار ہیں، تاہم ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ مسافر پریشانی سے بچنے کیلئے ریلوے ہیلپ لائن پر ٹرینوں کے اوقات کار ضرور معلوم کر لیں۔

مزیدخبریں