اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کیخلاف جارحیت پر اتری ہوئی ہے۔
صدر مملکت نے یہ بات سیاسی سیکیورٹی ریویو میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی انتہا پسند مسلم ثقافت اور تاریخ کے انمنٹ نقوش مٹانے میں مصروف ہے۔
صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان نہتے کشمیرویں کی منصفانہ جدوجہد کیلئے آواز بلند کرتا رہے گا۔ بھارت غیر قانونی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اقتصادی راہداری علاقائی ترقی اور خوشحالی کا منصوبہ ہے۔ پاکستان کو اپنے سٹریٹجک محل وقوع کی وجہ سے اہمیت حاصل ہے۔ بھارت سی پیک کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے۔ بھارت افغانستان میں قیام امن کی راہ میں بھی رکاوٹیں پیدا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنی پہلی تقریر میں ہی بھارت سے تعلقات کی بہتری کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
دوسری جانب صدر مملکت نے انسداد عصمت دری آرڈیننس 2020ء کی منظوری دیدی ہے۔ آرڈیننس سے جنسی زیادتی کے معاملات جلد نمٹانے میں مدد ملے گی۔ ملزمان کے تیز ٹرائل اور کیسز جلد نمٹانے کیلئے سپیشل کورٹس بنائی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ خصوصی عدالتیں 4 ماہ میں جنسی زیادتی کے کیسز کو نمٹائیں گی۔ آرڈیننس کے تحت وزیراعظم کرائسز سیل کا قیام عمل میں لائیں گے۔ کرائسز سیل 6 گھنٹے میں میڈیکو لیگل معائنہ کرانے کا مجاز ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نادرا کی مدد سے جنسی زیادتی کے مجرمان کو رجسٹرڈ کیا جائے گا۔ زیادتی کے متاثرین کی شناخت ظاہر کرنے پر پابندی اور قابل سزا جرم قرار دیا جائے گا۔