عالمی وبا پاکستان میں مزید 73 جانیں لے گئی، صورتحال تشویشناک

Global epidemic kills 73 more in Pakistan, situation worrying
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: پاکستان میں گزشتہ روز عالمی وبا کے 2 ہزار 459 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ طبی ماہرین نے صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے سخت اقدامات اٹھانے کا کہا ہے۔

نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں وبائی مرض سے مزید 73 اموات واقع ہوئیں۔ اموات میں حالیہ اضافے سے پاکستان میں مرنے والوں کی تعداد 8 ہزار 905 ہو گئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق خیبر پختونخوا میں عالمی وبا سے مزید 4 اموات ہونے سے تعداد ایک ہزار 477 ہو گئی ہے۔ دیگر علاقوں کی بات کی جائے تو سندھ میں مزید 6 اموات ریکارڈ ہونے سے تعداد 3 ہزار 164 تک پہنچ گئی ہے۔

اس کے علاوہ پنجاب میں مزید 57 اموات ہوئیں جس سے تعداد بڑھ کر 3 ہزار 422 ہو گئی ہے۔ اسلام آباد میں بھی مزید 6 اموات ریکارڈ ہونے سے تعداد 377 ہو گئی۔ گزشتہ روز پاکستان میں 34 ہزار 551 ٹیسٹ کیے گئے۔ پاکستان میں عالمی وبا سے مثبت کیسز کی تعداد 4 لاکھ 43 ہزار 246 ہو گئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں کنفرم کیسوں کی تعداد 4 لاکھ چالیس ہزار 787 سامنے آئی تھی جبکہ دو ہزار 456 مریضوں کی حالت تشویشناک تھی۔ پیر کے روز اسلام آباد میں 34840، پنجاب 127541، سندھ میں 195702، خیبر پختونخوا میں 52449، بلوچستان میں 17745، آزاد کشمیر میں 7719 اور گلگت بلتستان میں 4791 کیس رپورٹ ہوئے۔