نوابشاہ: صوبہ سندھ کے شہر نواب شاہ سمیت دیگر علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں، زلزلہ اتنا شدید تھا کہ لوگ خوف کے مارے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے اپنے گھروں سے نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق صوبہ سندھ کے علاقے نوابشاہ اور گردونواح میں شدید طریقے سے زمین ہلنے کی اطلاعات ہیں۔ تاہم ابھی اس کے بارے میں مکمل آگاہی نہیں ہے، اس لئے ریکٹر سکیل پر اس کی شدت کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ زمین کی تین تہیں ہیں۔ ان میں پہلی تہہ کو یوریشن، دوسری کو انڈین جبکہ تیسری کو اریبئن کہا جاتا ہے۔ ان پلیٹوں کے رگڑ کھانے یا سرکنے سے زمین پر جو شدید ارتعاش پیدا ہوتا ہے، اسے زلزلہ کہا جاتا ہے۔ پاکستان کا بڑا علاقہ ان فالٹ لائنز پر موجود ہے۔ پاکستان کے تمام بڑے شہروں کو اسی وجہ سے حساس قرار دیا جاتا ہے۔
ماہرین ارضیات کے مطابق وسطی پنجاب اور بالائی سندھ کا علاقہ ان فالٹ لائنز پر موجود نہیں، اس لئے پاکستان میں صرف یہی علاقے زلزلے کے خطرے سے محفوظ ہیں۔
ابھی حال ہی میں ترکی اتنا شدید زلزلہ آیا تھا جس کے نتیجے میں متعدد افراد عمارتیں گرنے سے ہلاک ہو گئے تھے۔ یہ زلزلہ سیموس جزیرہ اور ایجین ساحل پر آیا تھا۔ سات اعشاریہ صفر کے زلزلے کے جھٹکے اس قدر شدید تھے کہ اس سے سمندر میں سونامی بھی پیدا ہو گیا تھا۔