لاہور: پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کی اندھا دھند انٹری، ہر شے گم ہوگئی، کئی مقامات پر موٹر وے کو بند کر دیا گیا۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سردی کا راج ہے ، قومی شاہراہ پر بعض مقامات شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق قومی شاہراہ پر مانگا منڈی، پھولنگر، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی سمیت مختلف علاقوں میں دھند ہے، جس کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے۔
لاہور سے بابو صابو موٹروے کو شدید دھند کی وجہ سے بند کر دیا گیا ہے، موٹروے پولیس نے ڈرائیور حضرات کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔
دھند کے باعث ٹرینوں اور فلائٹ کا شیڈول بھی متاثر ہے۔ دوسری طرف بیشتر شہروں میں سردی کی شدت بڑھ گئی ہے اور بالائی علاقے یخ بستہ ہواؤں کی لپیٹ میں ہیں۔