پرتھ: آسٹریلوی ٹیم بھارت کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 326 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، ایشانت شرما نے 4، جسپریت بمرا، اومیش یاداو اور وہاری نے 2، 2 وکٹیں لیں، جواب میں بھارتی ٹیم نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنا لئے تھے اور اسے میزبان آسٹریلوی ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 154 رنز درکار ہیں، کپتان ویرات کوہلی 82 اور اجنکیا راہانے 51 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، مچل سٹارک نے 2 اور جوش ہیزلووڈ نے ایک وکٹ لی۔
ہفتہ کو پرتھ ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلوی ٹیم نے 277 رنز 6 کھلاڑی آﺅٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو کپتان ٹم پین 16 اور پیٹ کمنز 11 رنز پر کھیل رہے تھے، بھارتی باﺅلرز نے حریف بلے بازوں کو وکٹ پر زیادہ دیر تک سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور پوری ٹیم 326 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، ٹم پین 38، کمنز 19، سٹارک 6 اور ہیزلووڈ بغیر کوئی رن بنائے آﺅٹ ہوئے، ایشانت شرما نے 4 جسپریت بمرا، اومیش یاداو اور وہاری نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔
جواب میں بھارتی ٹیم پہلی اننگز کیلئے جب میدان میں اتری تو اس کا آغاز مایوس کن تھا اور 8 کے سکور پر اس کے دونوں اوپنرز آﺅٹ ہو گئے، مرلی وجے بغیر کوئی رن بنائے سٹارک کی گیند پر بولڈ ہوئے جبکہ لوکیش راہول 2 رنز بنا کر ہیزلووڈ کا شکار بنے، اس موقع پر کپتان ویرات کوہلی نے چیتشور پوجارا کے ساتھ مل کر سکور 82 تک پہنچا دیا، یہاں پر سٹارک نے پوجارا کو آﺅٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، انہوں نے 24 رنز بنائے لیکن اس کے بعد کوہلی اور اجنکیا راہانے میزبان باﺅلرز کے سامنے ڈٹ گئے۔
دونوں بلے بازوں کے سامنے آسٹریلوی باﺅلرز بے بس نظر آئے اور انہوں نے دن ختم ہونے تک مزید نقصان نہ ہونے دیا، اسطرح دوسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو بھارت نے 3 وکٹوں پر 172 رنز بنا لئے تھے اور اسے آسٹریلیا کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 154 رنز کی ضرورت ہے، کوہلی 82 اور راہانے 51 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، سٹارک نے دو اور ہیزلووڈ نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔