لاہور:وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اگر شہباز شریف دیانتدار ہے تو ن لیگ میں کوئی بھی بددیانت نہیں،لوگ چاہتے ہیں بددیانتوں کا احتساب ہو جبکہ خواجہ سعد رفیق بڑے باپ کا بہت چھوٹا بیٹا ہے۔
دوران سوال و جواب میں شیخ رشید نے شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے کے فیصلے کی مخالفت کی اور اس حوالے سے حکومتی فیصلے پر نالاں نظر آئے۔انہوں نے کہا کہ دودھ کی رکھوالی پر بلا بٹھانے سے ہمیں کوئی پذیرائی نہیں ملی۔
تفصیلات کے مطابق ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں ہفتہ وار پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ عمران خان چوروں ڈاکوﺅں اور کرپٹ لوگوں کو جیل کے پیچھے دیکھنا چاہتے ہیں،ہم چوروں اور ڈاکوﺅں کو میڈیا میں ایسے پیش کررہے ہیں جیسے ان کے ساتھ بہت بڑی زیادتی ہورہی ہے جبکہ لوگ کہتے ہیں تہمینہ بی بی کوئی کردار ادا کررہی ہے،لیکن اس بارے میں نہیں معلوم۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ ان بدقسمت لوگوں کے نصیب میں دولت نہیں ہے،میں بچوں تک نہیں جانا چاہتا،مارچ کے آخر تک جھاڑو پھر جائے گا ،رہے گا نام اللہ کا جبکہ 7 سال مجھے کلاشنکوف کیس میں جیل میں رکھا گیا۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دنیا میں سب سے مشکل کام وزارت اطلاعات چلانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 18 ،19 گریڈ کے افسر سے نہیں لڑتا،20 اور 21 والے سے لڑتا ہوں جبکہ شیخ رشید نے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر غسل خانے میں چٹخنی نہیں تو یہ کوئی اتنا بڑا ایشو نہیں،ٹکٹ کے بغیرسفرکرنےوالوں کیخلاف کارروائی تیزکریں گے،فریٹ میں بہتری لانے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں،ریلوے انجنوں پرٹریکرزلگانےکاکام جلد مکمل کر لیاجائے گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ ریلویزنے25کروڑکے آئل کومحفوظ کرلیاہے،بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کے محاسبے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں جبکہ جتنی ہمارے ٹریک میں گنجائش ہے اس سے زیادہ ٹرینیں چلارہے ہیں۔