فیس بک کی ایک اور ناکامی،6.8 ملین صارفین کی تصاویر لیک ہونے کا خدشہ

فیس بک کی ایک اور ناکامی،6.8 ملین صارفین کی تصاویر لیک ہونے کا خدشہ
کیپشن: تصویر بشکریہ ٹوئٹر

کیلیفورنیا:سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ 6.8 ملین افراد کی تصاویر لیک ہوسکتی ہیں اور انہیں کوئی تیسری پارٹی اپنے مقاصد کیلئے استعمال کرسکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکہ کی معروف سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے اپنے سسٹم میں خرابی کے بارے اپنے صارفین کو خبردار کردیا ہے کہ ان کی ذاتی تصاویر لیک ہونے کا خدشہ ہے ۔

کمپنی کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ 15 سو سے زائد ایپس 876 ڈویلپرز کی جانب سے بنائی گئی ہیں جو کہ ایک ’بگ ‘ کے ذریعے ان تصاویر کو لیک کرسکتا ہے جو کہ فیس بک پر شیئر نہیں کی گئی جس کا دورانیہ 12 دن جو کہ 13 سے 25 ستمبر کا بنتا ہے۔

فیس بک کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس خدشہ کی اطلاع اپنے صارفین کو نوٹیفکیشن کے ذریعے دیدی ہے جبکہ اس خرابی کو دور کرنے کیلئے کام کیا جارہا ہے۔


اس خرابی سے فیس بک کی پرائیویسی پالیسی پر تنقید کی جارہی ہے اور یہ ایک اور فیس بک کی ناکامی کی مثال ہے ۔خیال رہے کہ اس سے قبل بھی فیس بک کو اپنے صارفین کا پرائیوٹ ڈیٹا لیک کرنے پر تنقید اور مقدمے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔