لاہور:گرتے ہوئے بال مردو خواتین کے لئے پریشانی کا باعث بنے ہوئے ہیں جو اپنے بالوں کو بچانے کے لئے ہر وقت فکر مند رہتے ہیں لیکن گرتے بالوں کی نگہداشت کے لئے ایسے ٹوٹکے موجود ہیں جن سے آپ کے بالوں کی حفاظت ہوسکتی ہے۔
متوازن غذا کا استعمال
آپ جو کچھ بھی کھاتے ہیں اس کا براہ راست اثر آپ کے بالوں پر ہوتا ہے اس لئے اگر آپ غذا متوازن انداز میں نہیں کھاتے تو بال گرنے اور پتلے ہونے کی شکایات بڑھتی رہیں گی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ کوشش کریں کہ ایسی غذائیں کھائیں جن میں تمام ضروری اجزا شامل ہوں جو وٹامن سے بھی بھرپور ہوں۔
ذہنی تناﺅ کے مضر اثرات
آج کے دور میں کوئی بھی شخص ذہنی تناﺅ سے آزاد نہیں لیکن یہ ذہنی تناﺅ بالوں کے لئے بھی نقصان دہ ہے جس کے باعث بال گرتے اور کمزور ہوتے ہیں اس لئے انہیں روکنے کیلئے تناﺅ کو کم کرنا ضروری ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ذہنی تناﺅ کو دوستوں کی محفل،ورزش اور دیگر طریقوں سے کم کیا جائے ،کوئی بھی صحت مند مشغلہ اپنائیں،دوستوں اور عزیزوں کے ساتھ وقت گزاریں،اچھی کتاب کا مطالعہ کریں اور پرسکون موسیقی کو بھی اپنی زندگی میں اہم جگہ دیں کیونکہ ذہنی تناﺅ کم ہونے سے بالوں کو بہت فائدہ ہوگا۔
بالوں کی خاص نگہداشت
بالوں کی حفاظت ایک اہم معاملہ ہے جس کے لئے شیمپو اور کنڈیشنر استعمال ضرور کریں لیکن ایک برانڈ کو بار بار تبدیل نہ کریں۔بالوں میں مناسب تیل لگاتے رہیں اس طرح بالوں کی حفاظت سے ان کے گرنے کو بہت حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔
بالوں کو ڈھانپیں
وہ خواتین و حضرات جو دھوپ اور گردو غبار میں باہر نکلتے ہیں ا ن کے لئے ضروری ہے کہ اپنے بالوں کو مناسب انداز میں ڈھانپیں ،دھول مٹی اور آلودگی کی چکنائی بھی بالوں کے لئے تباہ کن ثابت ہوسکتی ہے اس لئے بالوں کو مکمل طور پر ڈھانپ کر رکھنا ان کی صحت بہتر بناتا ہے۔