شاہ محمود قریشی سہ ملکی مذاکرات میں شرکت کیلئے کابل پہنچ گئے

09:48 AM, 15 Dec, 2018

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ‎پاکستان، افغانستان اور چین کے درمیان وزرا خارجہ سطح کے مذاکرات کے لیے کابل پہنچ گئے۔ پاکستان، افغانستان اور چین کے درمیان سہ فریقی مذاکرات کے تین ادوار ہوں گے۔

مذاکرات کے پہلے دور میں افغانستان کی سیاسی صورتحال اور افغان طالبان سے مفاہمتی عمل کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔ مذاکرات کے دوسرے دور میں خطے میں تعاون جبکہ تیسرے دور میں سکیورٹی تعاون پر بات ہو گی۔

‎مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کریں گے جبکہ چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی اور افغان وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی اپنے، اپنے وفود کی قیادت کریں گے۔ تینوں وزرائے خارجہ کی افغان صدر سے ملاقات بھی ہو گی۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی کابل میں چینی ہم منصب سے باہمی ملاقات بھی ہو گی۔ پاکستانی وفد میں سیاسی، سول و عسکری حکام شامل ہوں گے۔

کابل روانگی سے قبل شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چین کی جانب سے سہ ملکی مذاکرات کا آغاز خوش آئند ہے۔ چین اور پاکستان دونوں افغانستان کی بہتری اور وہاں امن و استحکام چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ وزرائے خارجہ کی سطح پر سہ فریقی مذاکرات کا یہ دوسرا دور ہے۔ اس سے قبل پہلے سہ فریقی مذاکرات گزشتہ سال بیجنگ میں ہوئے تھے۔

مزیدخبریں