امریکہ میں بٹ کوائن کے ذریعے داعش کی مدد کرنیوالی خاتون گرفتار

امریکہ میں بٹ کوائن کے ذریعے داعش کی مدد کرنیوالی خاتون گرفتار


نیویارک: امریکہ میں بٹ کوائن کے ذریعے داعش کی مدد کے الزام میں پاکستانی نژاد امریکی خاتون کو گرفتار کرلیا گیا ۔


تفصیلات مطابق امریکی شہر نیو یارک میں ایک خاتون پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انھوں نے شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کی مالی معاونت کے لیے بِٹ کوائن اور دیگر کرپٹو کرنسی کے ذریعے منی لانڈرنگ کی۔امریکی حکام نے 27 سالہ زوبیا شہناز پر بینک فراڈ، منٹی لانڈرنگ کی سازش اور منی لانڈرنگ کا فرد جرم لگایا ہے۔ شہناز کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔


زوبیا شہناز پاکستان میں پیدا ہوئیں اور امریکہ میں لیباریٹری ٹیکنیشن کے طور پر کام کر رہی تھیں۔استغاثہ کا کہنا ہے کہ شہناز نے بِٹ کوائن خریدنے کے لیے جعل سازی کر کے 85 ہزار ڈالر کا بینک سے قرض لیا۔عدالتی ریکارڈ کے مطابق زوبیا شہناز لانگ آئی لینڈ کے علاقے برینٹ وڈ کی رہائشی ہیں اور وہ جون تک مینہیٹن ہسپتال میں لیبارٹری ٹیکنیشن کے طور پر کام کر رہی تھیں۔


استغاثہ کا کہنا ہے کہ شہناز نے جولائی میں پاکستانی پاسپورٹ حاصل کیا اور پاکستان کے لیے ٹکٹ بک کرائی۔ وہ پاکستان براستہ ترکی جا رہی تھیں۔ان کو حکام نے جان ایف کینیڈی ہوائی اڈے پر سے گرفتار کیا گیا۔ ان کے پاس سے ساڑھے نو ہزار ڈالر نقدی برآمد کیے گئے۔حکام کا کہنا ہے کہ شہناز کے پاس الیکٹرانک ڈیوائسز کی تلاشی سے معلوم چلا کہ انھوں نے دولت اسلامیہ کے بارے میں کافی معلومات حاصل کی تھیں۔