لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں نے ہمیشہ یہ ڈنکے کی چوٹ پر کہا کہ عمران خان کرپشن کے خلاف گلہ پھاڑ کر جو زبان استعمال کرتے ہیں، میں وہ زبان استعمال نہیں کر سکتا، میں ہمیشہ یہ کہتا رہا کہ ان کے دائیں اور بائیں کرپٹ لوگ بیٹھے ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جہانگیر ترین نے کروڑوں روپے کے قرضے معاف کروائے اور انہیں آف شور کمپنی کے اثاثے ظاہر نہ کرنے پر نااہل قرار دیا گیا، اس میں کھجوریں فروخت نہیں ہو رہی تھیں۔شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کے دائیں بائیں بیٹھے لوگ سر سے پاو¿ں تک کرپشن میں ڈوبے ہوئے ہیں اور وہ نئے پاکستان کی بات کرتے ہیں، کیا ایسے شخص پر یقین کیا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جہانگیر ترین کے وسائل سے مستفید ہوتے رہے، ان سے فائدہ حاصل کرتے رہے لیکن آج ان کا ایک ستون گر گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ایک اور اے ٹی ایم مشین علیم خان نے اربوں روپے کی زمینوں پر قبضہ کر رکھا ہے۔