لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام وکلاء کنونشن سے خطاب میں ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ جب وقت آیا وہ تمام جمہوری قوتوں کو اکٹھا کر کے دکھائیں گے۔ جب چاہوں عمران خان اور زرداری کو دائیں بائیں بیٹھا دوں گا۔
طاہر القادری نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے جب پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمیں آصف علی زرداری اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حال ہی میں لاہور میں ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات کی اور ماڈل ٹاؤن انکوائری رپورٹ پر عوامی تحریک کے موقف کی حمایت کی یقین دہانی کروائی۔
طاہر القادری کا کہنا تھا کہ جون 2014 میں انسانیت کا قتل عام کیا گیا اور معاشرے کا ہر فرد حرمتِ انسانیت کا انتقام لے گا جبکہ احتجاج کا آپشن کھلا ہے۔
کنونشن میں وکلاء رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن رپورٹ کے ہر صفحے پر خون کے چھینٹے ہیں اور ماڈل ٹاؤن پر ظلم کرنے والے کسی معافی کے مستحق نہیں کیونکہ جہاں نظامِ عدل نہ ہو وہاں ریاستیں نہیں چلتیں۔
وکلاء کنونشن میں ایک قرارداد بھی منظور کی گئی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خود مستعفی ہو جائیں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث پولیس افسران اور بیوروکریسی کو نوکری سے برخاست کر کے جیلوں میں ڈالا جائے اور اس معاملے پر پاناما طرز کی جے آئی ٹی بنائی جائے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں