اے نبی پیارے نبی، رحمت العالمین
کراچی: دل دل پاکستان سے لے کر مدینے کی گلیوں تک سکون کا متلاشی۔اللہ اوراس کے رسول ؐکی خوشنودی کی خاطر عارضی دنیا کو خیر باد کہنے والا جنید جمشید منوں مٹی تلے سوگیا۔
معروف نعت خوان جنید جمشید کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ۔
7دسمبر کو حویلیاں کے مقام پر پی آئی اے طیارہ حادثےمیں شہید ہونے والے معروف نعت خواں جنید جمشید کی نماز جنازہ ڈی ایچ اے کراچی میں اد اکی کی گئی جبکہ انکی تدفین دارالعلوم کورنگی قبرستان میں ہو ئی ۔جنید جمشید کا جسد خاکی قومی پرچم میں لپٹا ہوا تھا۔نمازجنازہ مولانا طارق جمیل نے ادا کرائی جس میں فاروق ستار،سابق کرکٹر انضمام الحق ، سعید انور ،محمد یوسف ، محمد حفیظ ، راشد لطیف ، ثقلین مشتاق ،ڈاکٹر صغیر ،حافظ نعیم ، اداکار سعود ، مرحوم کے بھائی ہمایوں جمشید، اہل خانہ ، دوست احباب ، سیاسی او ر سماجی شخصیات کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ جنید جمشید نے اپنے بھائی ہمایوں جمشید سے اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ انہیں دارالعلوم کورنگی قبرستان میں دفن کیا جائے.
اس سےقبل جنید جمشید کی میت پاکستان ایئرفورس کے طیارے کے ذریعے کراچی لائی گئی ،مولانا طارق جمیل، بھائی ہمایوں جمشید اور دیگر میت کے ساتھ کراچی پہنچے ،روانگی سے قبل راولپنڈی کے نورخان ائیربیس پر بھی ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔فوجی جوانوں نے پورے اعزازکے ساتھ میت کو سلامی دے کر جنید جمشید کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔
جبکہ دوسری جانب جنید جمشید کی اہلیہ نیہا جمشید کی نماز جنازہ لاہور میں ادا کر دی گئی۔