ریاض :سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ جو کوئی بھی انتہاپسندی یا دین میں غلو کی طرف دعوت دے گا مملکت اس کا مقابلہ کرے گی اور ہم نے ریاست کے امن اور معاشرے کے تحفظ اور حرمین شریفین کی خدمت کے واسطے تمام تر وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لانے کا مصمم ارادہ کیا ہوا ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق نئی سعودی مجلس شوری سے خطاب کرتے ہوئے شاہ سلمان کا کہنا تھا کہ مملکت بین الاقوامی بحرانات کے کسی بھی سیاسی حل کو سپورٹ کرتی ہے تاکہ ترقی کی کوششوں کے واسطے راہ ہموار کی جاسکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم عالمی امن کو یقینی بنانے کے لیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔
سعودی فرماں روا کے مطابق ویڑن 2030 کا مقصد شہریوں کو اچھی زندگی گزارنے کا راستہ پیش کرنا ہے اور اقتصادی اصلاحات کے سلسلے میں وسائل کی منصفانہ تقسیم کا سہارا لیا جائے گا۔شاہ سلمان نے باور کرایا کہ یمن کا امن سعودی عرب کے امن سے ہے اور ہم یمن کے اندرونی امور میں مداخلت کے لیے کوشاں نہیں ہیں۔