دھند کے بادل جھٹ گئے ،شدید سردی کی لہردوڑنے لگی

11:24 AM, 15 Dec, 2016

نیوویب ڈیسک

لاہور:  رگوں میں خون جما دینے والی سردی کا راج برقرار ،  پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ،  موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کے زیادہ ترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ پہاڑوں پر مزید برف پڑنے کا امکان ہے ۔لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید سردی کا راج ہے ،جڑواں شہروں میں بھی کڑاکے کی سردی پڑنے لگی ۔کوئٹہ بھی سخت سردی کی لپیٹ میں ہے جہاں درجہ حرارت منفی 02 ڈگری سینٹی گریڈہے ۔ملکہ کوہسارمری میں بھی شدید سردی نے ڈیرے ڈال لیے گلگت بلتستان میں پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ رکھی ہے ۔آج سب سے زیادہ سردی اسکردو میں ریکارڈ کی گئی  جہاں درجہ حرارت منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا کالام میں درجہ حرارت منفی 06، ہنزہ، گوپس منفی04، گلگت منفی03، دیر، قلات، مالم جبہ،منفی02، بگروٹ منفی01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں مطلع ابر آلودرہے گا۔ تاہم پنجاب، خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں شدید دھند کا سلسلہ جاری رہے گا۔

مزیدخبریں