اسلام آباد : کالعدم بلوچ دہشتگرد تنظیم بلوچ ریپبلکن آرمی کے دو اہم دہشت گردوں کی خفیہ بات چیت منظرِ عام پر آ گئی۔
دہشتگردوں کی گفتگو میں اہم ترین انکشافات سامنے آگئے۔کال میں دونوں دہشت گرد براہمداغ بگٹی اور ماہ رنگ بلوچ کے دھرنوں کے حوالے سے بات چیت کر رہے ہیں کہ دہشتگرد سبزال ساتھی دہشتگرد لغاری چندرزئی سے کہہ رہا ہے کہ ملک میں زیادہ تبدیلی جلسے جلوس سے آتی ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق دونوں دہشتگردوں کی آڈیو کال نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کے راجی مچی اور اسلام آباد والے دھرنے کے پورے بیانیے کی حقیقت واضح کر دی ہے۔
آدیو میں دہشتگرد سبزال ساتھی دہشتگرد لغاری چندرزئی سے کہہ رہا ہے ،میں واٹس ایپ کے نیٹ ورک پر گیا ہوں۔ سردار صاحب کے ساتھ رابطہ کیا ہے، دھرنا جاری ہے، ماہ رنگ کے اس دھرنے میں ہمارا علی نواز خوش نہیں ہے، کیونکہ وہ گروپوں میں غلط باتیں کر رہا ہے۔براہمداغ بادشاہ آدمی ہے وہ اس کو کچھ نہیں کر رہا ہے۔پولیس اور وہ پانچ خاص آدمیوں کو ہم معاف نہیں کریں گے۔
لغاری چندرزئی نے کہا کہ براہمداغ نے خود تو ان دھرنوں والوں کے اوپر ظلم ہونے پر مذمت کی ہے، جس پر سبزال نے کہا کہ ان کا مجھے پتہ ہے جب اسلام آباد میں ان کا دھرنا ہوا تھا تو سردار برہمداغ نے 50 سے 70 لاکھ روپے ان کو دیئے تھے۔
دہشتگرد سبزال نے مزید کہا کہ مجھے یہ بات ریاض گل نے بتائی تھی، وہ لوگ بلوچوں کی خاطر یہ دھرنے اور جلوس کر رہے ہیں، علی نواز کو کیا تکلیف ہے۔ اس دفعہ ڈاکٹر ماہ رنگ کچھ نہ کچھ کرے گی۔ جس پر لغاری چندرزئی نے کہا کہ ہاں وہ کوئی طریقہ سے کچھ کرے گی اگر بلوچوں نے اس کی بات مانی ہے۔
سبزال نے مزید کہا کہ وہ اس کی بات مان لیں گے کیونکہ وہ بشیر زیب اور ڈاکٹر اللہ نذر کی بات چل رہی ہے، ملک میں زیادہ تبدیلی جلسے جلوس سے آتی ہے۔ پولیس اور وہ پانچ خاص آدمیوں کو ہم معاف نہیں کرینگے۔ لغاری چندرزئی نے کہا کہ پولیس والا بیان میں نے نہیں سنا تھا، جس پر سبزال نے کہا کہ پولیس والا بیان کل آیا تھا۔
دفاعی ماہرین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ دونوں دہشتگردوں کی آڈیو کال نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کے راجی مچی اور اسلام آباد والے دھرنے کے پورے بیانیے کی حقیقت واضح کر دی ہے، کال میں بشیر زیب اور ڈاکٹر اللّٰہ نذر کا دھرنے کی بات چیت سے تعلق اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ دھرنے کو بلوچ دہشت گردوں کی کھلی پشت پناہی حاصل ہے۔
دفاعی ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ کال میں ماہ رنگ بلوچ کے اسلام آباد والے دھرنے کے لیے ، بی آر اے کے براہمداغ بگٹی کی طرف سے ۵۰ سے ۷۰ لاکھ روپے دینے کا انکشاف یہ بات ثابت کرتا ہے کے ماہ رنگ اِن ملک دشمن عناصر کے ساتھ ملکر کام کر رہی ہے، آڈیو کال نے ماہ رنگ بلوچ کی دہشتگردوں کے لیے سہولت کاری اور اصلی ایجنڈے کو بھی بے نقاب کر دیا ہے۔
دفاعی ماہرین نے کہا کہ کال اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ ملک میں جاری دہشتگردانہ کارروائیوں کی سہولت کاری اندرون اور بیرون ملک بیٹھے ماسٹر مائنڈ کر رہے ہیں۔