لاہور: سندھ ، پنجاب اور بلوچستان میں گرمیوں کی چھٹیاں ختم ہونے کے بعد تمام سرکاری اور نجی سکول آج سے کھل گئے جبکہ سرکاری سکولز ہفتے میں 5 روز کھلیں گے۔تینوں صوبوں میں تمام سرکاری اور پرائیویٹ سکولز میں تدریسی عمل آج سے شروع ہوگا۔
پنجاب میں اسکولوں کے اوقات کار بھی تبدیل کردئیے گئے، پنجاب میں ہفتے میں دو دن چھٹیاں ہوں گی، ہفتے اور اتوار کو چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
محکمہ تعلیم کے نوٹیفکیشن کے مطابق پیر سے جمعرات تک سرکاری سکولز صبح 8 بجے سے ڈیڑھ بجے کھلے رہیں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈبل شفٹ والے سکولز میں پہلی شفٹ 8 سے ساڑھے 12 بجے تک اور دوسری شفٹ دوپہر ایک بجے سے شام 5 تک ہوگی، جمعے کو اسکولز صبح 8 سے 12 تک کھلا کریں گے۔
وزیر تعلیم کے مطابق ہفتے اور اتوار کو طلبہ کو چھٹی ہوگی، مرد اساتذہ پیر سے جمعرا ت صبح 8 سے 3 بجے تک اور ہفتے کے روز 9 سے 12 تک سکول میں رہا کریں گے۔ خواتین اساتذہ کو ڈھائی بجے چھٹی ہوگی کیونکہ انہیں گھر داری کرنا ہوتی ہے، اس کا نوٹیفیکشن جلد جاری کردیا جائے گا۔
دوسری طرف وزیرتعلیم سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں پہلی بار سندھ میں اساتذہ لائسنس پالیسی و دیگر اصلاحات متعارف کرائیں، صوبے میں تعلیمی اصلاحات کے سلسلے کو جاری رکھا جائے گا۔
یاد رہے کہ بارش کی پیش گوئی کے باعث محکمہ تعلیم سندھ نے یکم اگست کے بجائے 15 اگست تک تعطیلات میں توسیع کی تھی یکم جون سے 14 اگست تک تعلیمی ادارے بند تھے۔