بانی پی ٹی آئی کی سہولت کاری کا الزام، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اور اسسٹنٹ  سپرنٹنڈنٹ جیل گرفتار ، تفتیش شروع

09:38 AM, 15 Aug, 2024

نیوویب ڈیسک

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی کی سہولت کاری کے الزام میں سکیورٹی اداروں نے ایک اور ایکشن لے لیا، اڈیالہ جیل راولپنڈی کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اور اسسٹنٹ  سپرنٹنڈنٹ جیل کو گرفتار کرلیا گیا اور افسران کے خلاف تفتیش شروع کردی گئی۔

ذرائع کے مطابق دونوں سابق جیل افسران بانی پی ٹی آئی کیلئے خفیہ پیغام رسانی کرتے تھے،سکیورٹی اداروں نے ملزم اکرم اور بلال کی گرفتاری سے متعلق آئی جی جیل خانہ جات کو آگاہ کردیا ۔دونوں کیخلاف تحقیقات کےبعد محکمانہ کارروائی کی  جائے گی۔

ذرائع کے مطابق سکیورٹی اداروں نے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ بلال سے پوچھ گچھ مکمل کر لی، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ بلال کا موبائل فون ریکارڈ حاصل کر لیا۔

ذرائع نے بتایاکہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم اوراسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ بلال بانی پی ٹی آئی کے سیل تک رسائی رکھتے تھے، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کوکمرہ عدالت میں دوران سماعت بانی پی ٹی آئی سے سرگوشیاں کرتے بھی دیکھا گیا،دونوں افسران پر بانی پی ٹی آئی کو موبائل رسائی دینے کا الزام بھی ہے۔

یاد رہے کہ   ڈپٹی اور اسسٹنٹ  سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل  کو پہلے ہی عہدے سے ہٹادیا گیا تھا، ان پربانی پی ٹی آئی کی سہولت کاری کا الزام ہے اور انہیں اختیارات سے تجاوز کرنے پر تحویل میں لیا گیا۔

مزیدخبریں