فیصل آباد: گردوں کے عارضے میں مبتلا تمغہ امتیاز حاصل کرنے والے معروف گلوکار اسد عباس انتقال کر گئے۔ اسد کی موت کی تصدیق ان کے بھائی حیدر عباس نے کی۔
گلوکار اسد عباس کا تعلق فیصل آباد سے تھا، انہوں نے کوک اسٹوڈیو سمیت دیگر کئی پروگرامز میں اپنی آواز کا جادو جگا یا جبکہ انہوں نے پرائڈ آف پرفارمنس سمیت لکس ایوارڈ بھی اپنے نام کر رکھا ہے۔
اسد عباس گردوں کے شدید عارضے میں مبتلا تھے اور طویل عرصے سے زیر علاج تھے۔ڈاکٹروں نے اسد کو کڈنی ٹرانسپلانٹ کا مشورہ دیا تھا جس کے لیے 50 ملین روپے درکار تھے۔ انہوں نے حکومت سے اپنے علاج کے لیے مالی امداد کی اپیل بھی کی تھی۔
گلوکار کے بھائی حیدر عباس کے مطابق گزشتہ رات اسد عباس کی طبیعت مزید خراب ہونے پر وہ کومہ میں چلے گئے تھے۔ تاہم، وہ اپنی طویل بیماری سے لڑتے لڑتے اس جہان فانی سے رخصت ہو گئے۔