اٹک: پولیس نے بتایا کہ آسمانی بجلی گرنے سے اٹک خورد تھانے کی عمارت گرنے سے کم از کم پانچ پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق آسمانی بجلی گرنے سے عمارت کا ایک حصہ زمین بوس ہو گیا جس سے اہلکار ملبے کے ڈھیر تلے دب گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقع کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری پولیس اسٹیشن پہنچی اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔
پولیس کے مطابق زخمی اہلکاروں میں اے ایس آئی امتیاز، وائرلیس آپریٹربلاول صدیقی، کانسٹیبل سجاد،کانسٹیبل فیضان اور کانسٹیبل توقیر شامل ہے۔
پولیس نے بتایا کہ اسٹیشن اٹک خورد میں ایک زور دار دھماکے کی آواز آئی جس سے پولیس اسٹیشن کی عمارت کا بڑا حصہ گرگیا جب کہ تھانے کے احاطے میں کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
ابتدائی طور پر اچانک اور تباہ کن نوعیت کی وجہ سے دھماکے کا شبہ پیدا ہوا۔ نتیجتاً، عمارت کے گرنے کی وجہ جاننے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا۔ تاہم، بعد میں اس بات کا تعین کیا گیا کہ یہ واقعہ براہ راست آسمانی بجلی گرنے سے پیش آیا ہے۔