اسلام آباد: پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چودھری کا کہنا ہے کہ پوری تحریک انصاف شہباز گل کے ساتھ کھڑی ہے۔ان پرتشدد کی مذمت کرتے ہیں۔ حکومت کے خاتمے کی تحریک شروع کردی ہے اگر آپ عمران خان کی فتح کے ڈر سے الیکشن نہیں کرانا چاہ رہے تو مارشل لا لگادیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ انتخابات کی تاخیر ناقابل برداشت ہے، معیشت پر میثاق معیشت احمقانہ بات ہے۔ حیدرآباد، ملتان سرگودھا، شیخوپورہ سمیت ملک بھر میں جلسے کیے جائیں گے۔ 19 تاریخ کو پہلا جلسہ ہوگا۔ حکومت گرانے کیلئے ملک گیر تحریک کا آغاز کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان بار ایسوسی ایشن سے خطاب کریں گے۔ سوموار کو عدلیہ کی آزادی کا دن منائیں گے۔ عدلیہ کو تقسیم کرنے کی مذموم کوشش ہورہی ہے۔ ہم پورے پاکستان میں آزادی صحافت کا دن منائیں گے۔ صحافیوں پر پاکستان کی زمین تنگ کی گئی ہے ۔
فواد چودھری کہتے ہیں عمران خان نےعالمی سطح پر اس معاملے کو اٹھانے کا کہا ہے ۔ عاشور کے دن گفتگو لینڈ لائن پر ہوئی تھی سب کو پتا ہے ۔رانا ثنااللہ کمپنی نے نہتے بچوں اور خواتین پر تشدد کی نئی روایت ڈالی ہے ۔ فضل الرحمن، نواز شریف، ایاز صادق خواجہ آصف کس کس کا نام لیں، ان کی گفتگو اس سے زیادہ تھی ۔
انہوں نے کہا کہ ریمانڈ اس لیے مانگا جارہا ہے کہ اسے ٹارچر کیا جاسکے۔شہباز گل پر تشددکیا گیا جو بالکل غلط ہے ۔ پارٹی نے متفقہ طور پر شہباز گل کے ساتھ ہونے والے سلوک کی مذمت کی۔