اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت پیٹرولیم سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے کی سمری طلب کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو مکمل ڈی ریگولیشن کرنے کے بعد یورپ کی طرح پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ڈی ریگولرائز کرنے کے فیصلے پر وزیراعظم کابینہ سے منظوری لیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اور وزارت پیٹرولیم کے عہدیداروں کے ساتھ کم و بیش روزانہ ملاقاتیں کر رہے ہیں تاکہ عوام پر پیٹرول، ڈیزل، مٹی کا تیل، ہائی سپیڈ ڈیزل وغیرہ کی قیمتوں کا بوجھ ڈالنے کا سلسلہ ختم ہو۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ 24گھنٹے یا ہفتے بھر کیلئے کیا جائے گا جبکہ 15اگست کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں انٹرنیشنل کروڈ آئل کی مناسبت سے ردوبدل کیا جائے گا جبکہ مستقبل میں عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی یا اضافے کے تناسب سے پاکستانیوں کو پیٹرول اور ڈیزل ملے گا۔
وزارت پیٹرولیم اور اوگرا ذرائع کے مطابق ہفتہ 13اگست کو گزشتہ 15 ایام کے کروڈ آئل کی قیمتوں میں ردوبدل کا جو ڈیٹا دیا گیا اس کے مطابق اوگرا کی سمری میں 15روپے تک پیٹرول، ڈیزل، مٹی کے تیل،لائٹ سپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت پیٹرولیم اور اوگرا کو ہدایت کی ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اس وقت اضافہ کیا گیا جب انٹرنیشنل مارکیٹ میں کروڈ آئل کی قیمت 105 ڈالر فی بیرل تھی جو 15 دن کی اوسط کے مطابق اب 95 ڈالر فی بیرل ہے، اس لئے عالمی منڈی میں تیزی کا بوجھ صارفین کو منتقل نہیں کریں گے۔