لاہور: رہنما کسان اتحاد خالد کھوکھر نے کہا ہے کہ چاہتے ہیں گندم اور چینی کی قیمتوں میں کمی آئے ، مسابقتی کمیشن کے فیصلے کو سراہتے ہیں ۔ عمران خان کسانوں کیلئے کام کریں تو ان کیلئے اگلا الیکشن جیتنا آسان ہوگا ۔
پاکستان کسان اتحاد کے نمائندوں نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اکثر شوگر ملز کسانوں کا استحصال کرتی ہیں ، 2018 میں شوگر ملز نے کاشتکاروں کو کم ریٹ دیئے ۔ شوگر ملز مافیا کو کسانوں کا استحصال کسی صورت نہیں کرنے دیں گے ۔ آج بھی کچھ شوگر ملز نے کسانوں کو ادائیگیاں نہیں کیں ۔ شوگر ملز نے جو پیسے ادا کرنے ہیں حکومت اسے کسانوں کو ادا کرے ۔
خالد کھوکھر نے کہا کہ عمران خان تک جب آواز پہنچائی تو کسانوں کیلئے ایکٹ دوبارہ پاس ہوگیا ۔ ترمیمی ایکٹ منظور ہونے پر یقین ہے کسانوں کو گنے کا ریٹ صحیح ملے گا ۔ ماضی میں کسی حکومت نے کسانوں کے بارے میں نہیں سوچا ۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کسانوں کیلئے بہترین قانون پاس کیا ۔ امید ہے کہ آرڈیننس آنے سے کاشتکاروں کو آسانی ملی ۔
رہنما کسان اتحاد نے کہا کہ پاکستانی اجناس کی دنیا میں آج قیمت دوسرے ممالک کی نسبت کم ہے ۔ کاشتکاروں کی پیداواری لاگت کو کم کرکے اجناس کی قیمت کو کم کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے کھیت سے سبزیاں بھی کوڑیوں کے مول لی جاتی ہیں ۔ وزن میں کٹوتی کرنے سے بڑا ظلم کسانوں کے ساتھ اور کیا ہوگا ۔