افغان بارڈر کے معاملات ٹھیک ہیں، فورسز ہر قسم کے حالات کیلئے تیار ہیں: شیخ رشید

01:27 PM, 15 Aug, 2021

اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ بارڈر کے تمام معاملات ٹھیک ہیں ۔ پاکستان کے ادارے اور فورسز ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں ۔

اپنے بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ افغان پاکستان بارڈر پُرامن ہے ۔ ہماری طرف سے طور خم بارڈر بہت عرصے سے بند ہے ۔ بارڈر کے تمام معاملات ٹھیک ہیں ، دوسرے بارڈرز پر لوگوں کی آمدورفت جاری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان سے متعلق پالیسی بیان وزارت خارجہ نے دینا ہے ۔ چمن بارڈر پر جمعہ سے حالات معمول پر آچکے ہیں ۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اس خطے میں اہم جگہ پر موجود ہے ۔ پاکستان کو کوئی بھی ملک اس کی خصوصی اہمیت کی وجہ سے نظرانداز نہیں کرسکتا ۔ پاکستان کی اہمیت سے کوئی بھی آنکھیں نہیں چرا سکتا ۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا کہ کابل میں پاکستانی سفارتکاروں ، اسٹاف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، پاکستانی سفارت کار کڑے وقت میں بھی خدمات سرانجام دے رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارت کار اور افسران کابل میں پھنسے لوگوں کی امید ہیں ۔ اللہ تعالیٰ آپ کی حفاظت کرے اور حفظ وامان میں رکھے ۔

مزیدخبریں