کراچی: شہر قائد کے علاقے مواچھ گوٹھ میں منی ٹرک پر دستی بم حملے کی ابتدائی تحقیقات سامنے آ گئی ہیں۔ تفتیشی حکام کے مطابق دستی بم ہوا میں پھٹنے سے زیادہ جانی نقصان ہوا، متاثرین کی اکثریت کے جسم کے اوپری حصے پر چھرے لگے ہیں۔
پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ڈرائیور نے کسی شخص کو گاڑی کے قریب آتا نہیں دیکھا۔ واقعہ ذاتی دشمنی، دہشت گردی یا کوئی اور پہلو ہے؟ پولیس اس کی تفتیش کر رہی ہے۔
ادھر واقعہ کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا جا سکا لیکن اس کی مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرک کے فرش پر چھروں کے نشانات نہیں ہیں۔ ڈرائیور کا بیان قلمند کیا گیا ہے جس نے کہا کہ بلدیہ میں شادی کی دعوت سے واپسی پر دھماکہ ہوا۔
ڈرائیور نے اپنے بیان میں کہا کہ دھماکے کے بعد فوری طور پر پولیس اور ریسکیو کو فون کیا۔ دھماکے کی آواز بہت زیادہ تھی کچھ سمجھ نہیں آیا۔ ٹرک کے قریب آتے کسی کو نہیں دیکھا، دھماکے کی آواز سنی تو گاڑی روک دی۔
ڈرائیور نے کہا کہ میرے ساتھ فیملی کے دو لوگ اور بیٹھے تھے۔ دھماکے سے گاڑی کا صرف پچھلا شیشہ ٹوٹا، آگے بیٹھے لوگوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔