کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی کراچی میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت ، کہا معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا بدترین بربریت ہے ۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو نے حملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ، انہوں نے سندھ حکومت کو زخمیوں کے بہتر علاج کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کر دی ۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ کراچی کے امن وامان کو سبوتاژ نہیں کرنے دیں گے ۔ کراچی میں امن کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں ۔ یقین ہے ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے بلدیہ مواچھ گوٹھ میں منی ٹرک میں بم دھماکے سے 10 افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہوگئے تھے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بلدیہ واقعہ کی تحقیقات کر رہے ہیں ۔ منی ٹرک میں سلنڈر موجود نہیں تھا ۔ گاڑی میں کوئی چیز پھینکی گئی جس کے بعد دھماکا ہوا ۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس آ رہے تھے ۔ جاں بحق افراد میں 2 بچے اور خواتین بھی شامل ہیں ۔
ادھر ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے منی ٹرک میں دھماکے کا نوٹس لے لیا ہے ۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے حادثے کی فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین علاج کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جائے گی ۔