عمران خان نے پاکستانی قوم کو ماحولیات سے متعلق آگاہ کیا: شاہ محمود قریشی

11:58 AM, 15 Aug, 2021

ملتان: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان نے پاکستانی قوم کو ماحولیات سے متعلق آگاہ کیا ۔ عمران خان نے قوم کو بتایا کہ ماحولیاتی تبدیلی کس طرح ہم پر اثرانداز ہوسکتی ہیں ۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ لوگوں کو اب ماحولیات کے حوالے سے احساس ہوچکا ہے ۔ جب تک عام شہری اس مہم میں شامل نہیں ہوگا اسے پذیرائی نہیں ملے گی ۔ عمران خان کی کاوش کی وجہ سے تیسری دنیا میں پاکستان کا نام لیا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا میں کلائمٹ چینج کی بات کی جارہی ہے ۔ آج دنیا ماحول کو درست کرنے کیلئے شجرکاری کرنے پر متفق ہے ۔ پاکستان میں بھی شجرکاری مہم پر بہت زیادہ زور دیا جا رہا ہے ۔ ملتان میں ڈپٹی کمشنر نے شجرکاری مہم میں خصوصی دلچسپی لی ہے ۔ ملتان کے اسکولز کے طلبا بھی شجرکاری مہم میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں ۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اکتوبر میں سعودی عرب میں ایک بہت بڑی کانفرنس ہونے جا رہی ہے ۔ پاکستان سے متاثر ہوکر گرین سعودی عرب مہم شروع کی جا رہی ہے ۔ گرین سعودی عرب کے نام سے اس انٹرنیشنل کانفرنس کا انعقاد ہوگا ۔ وزیراعظم عمران خان بھی اس کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت نے تمام محکموں کے تعاون سے شجرکاری مہم شروع کردی ہے ۔ شجرکاری مہم میں حصہ لینے والوں کے شکر گزار ہیں ۔ شجرکاری مہم میں عوام کی دلچسپی بھی نظر آرہی ہے جسے برقرار رہنا چاہئے ۔ آج پوری دنیا میں ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق بات ہو رہی ہے ۔

مزیدخبریں