کوالالمپور: ملائیشیا کے وزیراعظم محی الدین نے اقتدار سے علیحدہ ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے، وہ جلد بادشاہ السلطان عبداللہ کو اپنا استعفیٰ پیش کرینگے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق وفاقی وزیر رضوان محمد یوسف نے وزیراعظم کے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ 16 اگست بروز پیر کو وہ اپنا استعفیٰ دے کر اقتدار سے علیحدہ ہو جائیں گے۔ تاہم پرائم منسٹر آفس نے فوری طور پر اس پر اپنا کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔
وفاقی وزیر رضوان محمد یوسف نے کہا ہے کہ وزیراعظم محی الدین نے اپنے فیصلے سے تمام پارٹی ممبران کو آگاہ کر دیا ہے۔ وہ حکومت کو برقرار رکھنے تمام حربے استعمال کرکے اب اکتا چکے ہیں، اس لئے انہوں نے اقتدار سے خود ہی علیحدہ ہونے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 16 اگست کو کابینہ کی ایک اہم میٹنگ بلائی گئی ہے۔ اس میں محی الدین تمام دیگر ممبران کو اپنے فیصلے سے آگاہ کرینگے اور انھیں اعتماد میں لینے کے بعد بادشاہ کے روبرو پیش ہو کر انھیں اپنا استعفیٰ پیش کر دیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال 2020ء میں وزیراعظم محی الدین نے بہت کم اکثریت سے اقتدار سنبھالا تھا، اس وقت سے ان کی حکومت ڈانواں ڈول رہی ہے۔ انھیں اقتدار میں لانے کیلئے ساتھ دینے والی جماعت یونائیٹڈ ملایاز نیشنل آرگنائزیشن (یو ایم این او) پارٹی کا اتحاد توڑنا محی الدین کے وزارت عظمیٰ کے تابوت میں ٹھونکا جانے والا آخری کیل ثابت ہوا۔
یہ بات بھی ذہن میں رہے کہ وزیراعظم محی الدین کچھ ہفتے قبل تک اپنے استعفے کی خبروں کو چہ مگوئیاں ہی قرار دیتے رہے تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ پارلیمنٹ میں مخالف سیاستدانوں کو اعتماد کا ووٹ لے کر دکھائیں گے۔