کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ ناقابل اعتماد ہے۔ ہم ن لیگ کو ساتھ ملا کر طاقتور بناتے ہیں اور وہ ڈیل کر لیتے ہیں۔ اب پھر ن لیگ ڈیل کر کے تحریک انصاف کی بی ٹیم بن گئی ہے۔
پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔ سی ای سی نے اے پی سی کو تاخیر کا شکار کرنے کا ذمہ دار نون لیگ کو قرار دے دیا۔ اجلاس کے دوران شریک چیئر مین آصف علی زرداری نے ن لیگ کو ناقابل اعتماد قرار دیدیا۔ آصف زرداری نے ن لیگ پر دیگر قائدین کی تنقید کی تائید کر دی۔
ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے پاکستان مسلم لیگ ن کو ناقابل اعتماد قرار دیکر خود اے پی سی بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ قائدین کی تنقید کے بعد سی ای سی نے پیپلز پارٹی کی میزبانی میں اے پی سی کے انعقاد کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کی اے پی سی میں ن لیگ کو بطور اپوزیشن جماعت مدعو کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ پیپلز پارٹی خود اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے مشاورت کے بعد اے پی سی کی تاریخ طے کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ای سی اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ ن لیگ اے پی سی میں آئے تو ویلکم، نہ آئے تو بھی اے پی سی ہو گی اور پیپلز پارٹی کی چاروں صوبوں میں ازسر نو تنظیم سازی کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران سابق صدر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ ناقابل اعتماد ہے۔ ہم ن لیگ کو ساتھ ملا کی طاقتور بناتے ہیں اور وہ ڈیل کر لیتے ہیں۔ اب پھر ن لیگ ڈیل کر کے تحریک انصاف کی بی ٹیم بن گئی ہے۔