پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے 15 ستمبر سے قبل کھلنے والے نجی اسکولوں کے خلاف کارروائی کا اعلان کر دیا۔
اس ضمن میں وزیر تعلیم خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ نجی اسکولز کے اسٹاف کو صرف انتظامی معاملات نمٹانے کے لئے اسکول آنے کی اجازت دی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ احتیاط کی بہت ضرورت ہے، والدین بچوں کو اسکول نہ بھیجیں۔ جس اسکول میں تعلیمی سرگرمیاں جاری ہوئیں قانونی کارروائی کریں گے۔
وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے بھی کہا تھا کہ صوبے میں سرکاری اور پرائیویٹ اسکولز 15 ستمبر سے پہلے نہیں کھلیں گے۔انہوں نے کہا کہ جو اسکول 15 اگست کو کھلے گا، اسے سیل کر دیں گے۔ 15 ستمبر کو تمام ایس او پیز پر عمل درآمد کے بعد اسکول کھولے جائیں گے۔صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ کیمرج کے جن طلبہ کے نتائج غلط آئے، اس کی مکمل تحقیقات کرائیں گے، کیمرج کی کنٹری ڈائریکٹر نے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل آل پاکستان پرائیویٹ ا سکولز فیڈریشن نے حکومت کی جانب سے 15 ستمبر کو تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان مسترد کردیا تھا۔