واشنگٹن: امریکا نے ایران کے چار آئل ٹینکرز پکڑ لیے جس کی تصدیق امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے کی گئی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ امریکا نے بحران کا شکار وینزویلا کی طرف جانے والے ایران کے چار آئل ٹینکرز کو قبضے میں لیا ہے جس کا مقصد ایران کے پاسداران انقلاب کی ترسیل محدود کرنا اور اپنے مخالف پر دباؤ بڑھانا ہے۔
امریکی محکمہ انصاف کا کہنا تھا کہ غیر ملکی دوستوں کی مدد سے قبضے میں لیے جانے والے آئل ٹینکرز اب امریکا کے پاس ہیں۔
امریکی محکمہ انصاف کا دعویٰ ہے کہ اس کارروائی میں تقریباً ایک ملین بیرل تیل قبضے میں لیا گیا ہے جو اب تک ایرانی جہازوں سے قبضے میں لیا گیا تیل کا سب سے بڑا ذخیرہ ہے۔
امریکی محکمہ انصاف کی جانب گزشتہ ماہ ایرانی آئل ٹینکرز کو قبضے میں لیے جانے کی وارننگ بھی جاری کی گئی تھی۔
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جنرل کا کہنا ہےکہ امریکی حکام کے مطابق ایرانی جہاز ہیوسٹن کے راستے پر تھے اور انہیں سمندر سے ہی قبضے میں لے لیا گیا۔
وال اسٹریٹ جنرل کے مطابق امریکی عسکری حکام کا بتانا ہےکہ یہ کارروائی خلیج اومان کے سمندر میں کی گئی۔
دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے بھی نیوز کانفرنس میں ایرانی آئل ٹینکرز قبضے میں لینے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو وینزویلا کی طرف اپنے آئل ٹینکرز نہیں بھیجنے چاہئیں۔