واشنگٹن : امریکی ایوان نمائندگان کی سربراہ نینسی پلوسی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر جمہوریت کو کمزور بنانے کا الزام عائد کیا ہے۔
امریکی ایوان نمائندگان کی سربراہ نینسی پلوسی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ یہ شخص ملک میں جمہوریت کی جڑیں کھوکھلی کر رہا ہے۔
انہوں نے ٹرمپ کی جانب سے پوسٹل بیلٹ کی مخالفت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بات در اصل یہ ہے کہ وائٹ ہاوس نے محکمہ پوسٹ کو کبھی دل سے قبول نہیں کیا ہے کیونکہ یہ ایک آزاد ادارہ ہے اور حکومت کی نگرانی میں نہیں آتا۔
امریکہ میں ہر شخص کو یہ اختیار حاصل ہے کہ اگر وہ پولنگ سٹیشن نہ جانا چاہے تو اپنا ووٹ ڈاک کے ذریعے بھی ڈال سکتا ہے جسے امریکی قانون میں ایبسنٹ بیلٹ بھی کہا جاتا ہے۔
امریکہ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے توقع یہی کی جارہی ہے کہ دسیوں لاکھ امریکی شہری تین نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں پولنگ سٹیشن جانے کے بجائے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ ڈالنے کو ترجیح دیں گے، تاہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ مسلسل پوسٹل ووٹنگ کی مخالفت کر رہے ہیں۔