یواےای اور اسرائیل معاہدہ کے دوررس اثرات ہوں گے،پاکستان

10:11 AM, 15 Aug, 2020

اسلام آباد: پاکستا ن نے یو اے ای اور اسرائیل میں تعلقات کی مکمل بحالی کے معاہدے پر کہا ہے یہ دور رس مضمرات کی حامل پیش رفت ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے جاری بیان  میں کہا کہ ہم نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور اسرائیل میں تعلقات کی مکمل بحالی کے معاہدے کا مشترکہ بیان دیکھا ہے۔

پاکستان ہمیشہ سے پختہ عہد پر کاربند رہا ہے کہ فلسطین کے عوام کے تمام جائز حقوق انہیں دئیے جائیں جس میں استصواب رائے کا حق بھی شامل ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مشرق وسطی میں امن و استحکام بھی پاکستان کی کلیدی ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ منصفانہ، جامع و پائیدارا من کے لئے پاکستان نے اقوام متحدہ اور او۔آئی۔سی کی متعلقہ قراردادوں اور عالمی قانون کے مطابق ہمیشہ دو ریاستی حل کی حمایت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان اس تجزیہ سے رہنمائی حاصل کرے گاکہ کیسے فلسطینیوں کے حقوق اور امنگوں کو مقدم رکھا جاتا ہے اور کس طرح سے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کی پاسداری کی جاتی ہے۔

مزیدخبریں