اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر دنیا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 12 دن سے کرفیو نافذ ہے ،مقبوضہ کشمیر میں جو کچھ ہورہا ہے اگر ایسا ہونے دیا گیا تو نتائج خطرناک ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 12 دن سے کرفیو نافذ ہے ،پہلے سے بھارتی فوج موجود مزید دستے تعینات کئے گئے ،مواصلات کا نظام مکمل طور پر بند ہے اورآر ایس ایس کے غندوں کو مقبوضہ کشمیر میں بھیجا جا رہا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ مودی نے پہلے گجرات میں مسلمانوں کی نسل کشی کی ، کیا دنیا سربیا کی طرح خاموشی سے مقبوضہ کشمیر میں ایک اور قتل عام دیکھنا چاہتی ہے ؟دنیا کو خبردار کرتا ہوں اگر ایسا ہونے دیاگیا تو نتائج خطرناک ہوں گے۔وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر خاموش تماشائی بنی دنیا کو جھنجھوڑتے ہوئے کہا کیا دنیا سربرینیکا کی طرح وادی میں ایک اور قتل عام خاموشی سے دیکھے گی؟
کیا دنیا خاموشی سے مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی دیکھتی رہے گی؟ دنیا کوخبردار کرناچاہتاہوں اگرایسا ہونے دیاگیاتوخطرناک نتائج ہوں گے ،مسلم دنیا سے شدید ردعمل اور سنگین نتائج برآمد ہوں گے، انتہاءپسندی کو ہوا ملے گی اور تشدد کا نیا دور ابھرے گا۔