تہران :ایران کے سابق صدر محمود احمدی نژاد نے ایرانی سپریم رہ نما علی خامنہ ای کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں سابق شاہ ایران سے تشبیہہ دی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق سابق ایرانی صدر احمدی نژاد نے اپنے ٹوئیٹر اکاﺅنٹ پر جاری وڈیو کلپ میں کہا ہے کہ "ایسا کوئی بھی نہیں ہے جو عوام سے زیادہ بلند مقام رکھتا ہو۔ سرکاری منصب اور عہدے کسی کے باپ کی میراث نہیں ہیں۔ ہم اس لیے انقلاب نہیں لے کر آئے تھے کہ ایک خاندان جائے اور دوسرا اس کی جگہ پکڑ کر بیٹھ جائے"۔ اس بات میں ان کا اشارہ واضح طور ایران میں حکمرانی کی کنجیوں پر علی خامنہ ای اور ان کے خاندان کے غلبے کی جانب تھا۔
احمدی نژاد اور خامنہ ای کے بیچ تعلقات اس وقت بگڑ گئے تھے جب گزشتہ انتخابات سے قبل سپریم رہ نما نے نژاد کو ہدایت کی تھی کہ وہ آئندہ انتخابات میں خود کو بطور امیدوار پیش نہ کریں۔
ایرانی صدر نے اپنے وڈیو کلپ میں خبردار کیا ہے کہ آئندہ عرصے میں ملک کے اندر اہم پیش رفت سامنے آئے گی۔ دوسری طرف مرشد اعلی کے رسوخ کے سامنے کمزور ایرانی عدلیہ نے بھی احمدی نژاد پر پریشر بڑھانے کے واسطے گزشتہ ماہ سابق صدر کے معاون حمید بقائی کو گرفتار کر لیا تھا اور پھر چند روز بعد رہا کر دیا۔