ہرنائی: بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں شاہرگ کے قریب شرپسند عناصر نے فرنٹیئر کور کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے سے اس وقت نشانہ بنایا جب وہ معمول کی گشت پر تھے۔ دھماکے کے نتیجے میں پیرا ملٹری فورس کے 6 اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوئے۔
دھماکے میں زخمی ہونے والے ایف سی اہلکاروں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے کوئٹہ منتقل کر دیا گیا جب کہ دھماکے کے فوری بعد ایف سی اور لیویز اہلکاروں کی بڑی تعداد نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
دوسری جانب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی جب کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔
واضح رہے 3 روز قبل بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بھی پشین اسٹاپ کے قریب ہونے والے دھماکے میں 8 فوجی اہلکاروں سمیت 15 افراد شہید ہوئے تھے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں