لاہور:لاہور میں بسنت کے موقع پر اگلے سال فروری میں پتنگ بازی کی تیاریوں کے دوران موٹر سائیکل پر دو روز کی پابندی لگانے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ میاں نواز شریف کی ہدایت پر لاہور میں بسنت کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں سی سی پی او لاہور صدیق کمیانہ، کمشنر لاہور زید بن مقصود، ڈی جی والڈ سٹی کامران لاشاری، اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں بسنت کی تیاریوں پر بات چیت کی گئی، جس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ بسنت کے دنوں میں استعمال ہونے والی ڈور کے معیار کی جانچ پی سی ایس آئی آر لیبارٹری سے کرائی جائے گی۔ پاس ہونے والے نمونہ جات کی بنیاد پر ڈور تیار کی جائے گی۔ مزید برآں، جون میں ریہرسل کرائی جائے گی جس میں ڈور اور پتنگ کی چیکنگ کی جائے گی۔
بسنت کے دوران موٹر سائیکل پر پابندی، نائٹ اور ڈے کی اجازت، اور ڈھائی تاوا گڈے تک پتنگ بازی کی تجویز بھی دی گئی۔ اس کے علاوہ، بسنت پورے لاہور میں منانے کی اجازت ہو گی، اور غیر ملکی سیاحوں کو بھی مدعو کرنے کی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔