لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس علی باقر نجفی کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد

04:40 PM, 15 Apr, 2025

لاہور : لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس علی باقر نجفی کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب ججز لان میں منعقد ہوئی، جس میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم سمیت معزز ججز نے شرکت کی۔

تقریب میں جسٹس نجفی کی عدالتی خدمات کو سراہا گیا اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت، قانونی فہم اور عدالتی فیصلوں کی شفافیت کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ جسٹس نجفی نے اپنے کیریئر میں 40 ہزار سے زائد مقدمات کے فیصلے سنائے، جن میں متعدد فیصلے عدالتی نظیر کے طور پر تسلیم کیے جاتے ہیں۔

جسٹس علی باقر نجفی سانحہ ماڈل ٹاؤن کمیشن کے سربراہ بھی رہے اور ان کے فیصلے انسانی حقوق، شہری آزادی اور حبس بے جا جیسے موضوعات پر نمایاں رہے۔ تقریب کے اختتام پر ججز نے یادگاری گروپ فوٹو بنوایا اور انہیں گلدستہ پیش کیا گیا۔

ریٹائرمنٹ کے باوجود جسٹس نجفی سپریم کورٹ میں تقرری کے بعد تین سال مزید عدالتی خدمات انجام دیں گے۔

مزیدخبریں