کیلیفورنیا : انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اپنے مصنوعی ذہانت (اے آئی) چیٹ بوٹ میٹا اے آئی میں نئے اور انوکھے 'میموری' فیچر کی آزمائش شروع کر دی ہے، جسے فی الحال محدود صارفین کو فراہم کیا گیا ہے۔
ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ 'ویب بیٹا انفو' کے مطابق، اس فیچر کے ذریعے صارفین میٹا اے آئی کو اہم معلومات یا ہدایات یاد رکھوا سکیں گے، جو بعد ازاں چیٹ بوٹ کی جانب سے جوابات اور تجاویز فراہم کرنے میں استعمال ہوں گی۔ یہ فیچر صارفین کو ذاتی نوعیت کا تجربہ فراہم کرنے کیلئے متعارف کرایا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق، صارفین کو یہ فیچر استعمال کرنے کے لیے میٹا اے آئی چیٹ بوٹ کی سیٹنگز میں جانا ہوگا، جہاں 'میموری' کا الگ سے آپشن موجود ہوگا۔ اس پر کلک کرنے کے بعد، صارف اپنی مرضی کی معلومات، ترجیحات یا ہدایات محفوظ کر سکیں گے۔
یہ فیچر اس حوالے سے منفرد ہے کہ صارفین جب چاہیں اپنی ہدایات میں تبدیلی یا مکمل طور پر ڈیلیٹ بھی کر سکتے ہیں، جس سے انہیں مکمل کنٹرول حاصل ہوگا۔ میٹا اے آئی مستقبل میں انہی محفوظ ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے ذاتی نوعیت کے جوابات دے گا، جس سے صارف کا وقت بھی بچے گا اور چیٹ کا معیار بھی بہتر ہوگا۔
فی الوقت یہ فیچر صرف چند صارفین کو دستیاب ہے، تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسے جلد ہی مرحلہ وار دیگر صارفین کو بھی فراہم کر دیا جائے گا، اور توقع ہے کہ رواں سال کے دوران یہ باضابطہ طور پر سب کیلئے متعارف کر دیا جائے گا۔