سریلی دھنوں کے خالق موسیقار امجد بوبی کو مداحوں سے بچھڑے 20 برس بیت گئے

02:11 PM, 15 Apr, 2025

نیوویب ڈیسک

لاہور: پاکستان فلم انڈسٹری کو کئی لازوال نغمے دینے والے معروف موسیقار امجد بوبی کو مداحوں سے بچھڑے آج 20 برس بیت گئے، مگر ان کی تخلیق کردہ دھنیں آج بھی دلوں میں زندہ ہیں۔

امجد بوبی 1942ء میں بھارتی شہر امرتسر میں پیدا ہوئے۔ موسیقی کا ذوق انہیں ورثے میں ملا، ان کے والد غلام حسین خان ایک معروف کلاسیکل گائیک تھے، جن سے انہوں نے ابتدائی تربیت حاصل کی۔ وہ عظیم موسیقار رشید عطرے کے بھانجے تھے، لیکن اپنے بل بوتے پر خود کو منوانے کے لیے انہوں نے سخت محنت اور جدوجہد کی۔

ان کے فلمی کیریئر کا آغاز 1969ء میں وحید مراد کی فلم ’’اک نگینہ‘‘ سے ہوا، تاہم اصل شہرت انہیں 1983ء میں فلم ’’کبھی الوداع نہ کہنا‘‘ سے ملی۔ اس کے بعد انہوں نے ’’گھونگھٹ‘‘، ’’پرورش‘‘، ’’نادیہ‘‘، ’’روبی‘‘، ’’نزدیکیاں‘‘، ’’سنگم‘‘، ’’چیف صاحب‘‘، ’’گھر کب آؤ گے‘‘ اور ’’یہ دل آپ کا ہوا‘‘ جیسی کامیاب فلموں کے لیے موسیقی ترتیب دی، جو آج بھی شائقین کو یاد ہیں۔

امجد بوبی کی موسیقی کی خاص بات ان کی دھنوں میں کلاسیکی رنگ اور جذبات کی گہرائی تھی، جو ہر عمر کے سامع کو اپنی طرف کھینچ لیتی تھی۔ ان کی آخری فلم ’’کھلے آسمان کے نیچے‘‘ ثابت ہوئی۔ امجد بوبی 15 اپریل 2005ء کو دل کا دورہ پڑنے سے لاہور میں انتقال کر گئے، لیکن ان کی تخلیقات انہیں ہمیشہ زندہ رکھیں گی۔

مزیدخبریں