اسلام آباد: ملک کی ترقی و خوشحالی میں سمندر پار پاکستانیوں کے کردار کے اعتراف میں اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانیوں کا پہلا سالانہ کنونشن منعقد کیا گیا، جس میں دنیا بھر سے 1200 سے زائد پاکستانیوں نے شرکت کی۔ کنونشن کا مقصد دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں کی خدمات کو سراہنا اور ان کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کا آغاز کرنا ہے۔
تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء، سینیٹرز، ارکان پارلیمنٹ اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز قومی ترانے سے کیا گیا جبکہ اس موقع پر ایک خصوصی ڈاکومنٹری بھی پیش کی گئی، جس میں اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات کو اجاگر کیا گیا۔
اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے 160 سے زائد ممالک میں ایک کروڑ 20 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں جو نہ صرف پاکستان کے سفیر ہیں بلکہ ملک کا روشن چہرہ بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کنونشن کے انعقاد میں آرمی چیف کا مکمل تعاون حاصل رہا، جبکہ شرکاء کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی آرمی چیف کی جانب سے کیا گیا ہے۔
سید قمر رضا نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر کنونشن کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جو اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارے سر کا تاج ہیں اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔