واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران نے جوہری ہتھیاروں کا خواب دیکھنا نہ چھوڑا تو اسے سنگین ردِعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ایک بیان میں ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران امریکا سے معاہدہ کرنا چاہتا ہے، لیکن اسے یہ سمجھ نہیں آ رہا کہ وہ کیسے کرے۔ ان کا کہنا تھا، "میں ایران کے مسئلے کو ہمیشہ کے لیے ختم کر دوں گا۔" ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں کی ضرورت نہیں، وہ بغیر ایٹمی طاقت بنے بھی ایک عظیم ملک بن سکتا ہے۔
خیال رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور آئندہ ہفتے متوقع ہے۔ اٹلی کے وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں فریقین اور ثالث ملک عمان نے روم کو مذاکرات کی میزبانی کے لیے تجویز کیا ہے۔